ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوسرے سال پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آ رہی ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معیشت کے بارے میں رپورٹ جاری کر دی۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری کیئے گئے اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ رواں سال پاکستان کی شرح نمو 3 اعشاریہ 9 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
اعلامیئے کے مطابق اگلے سال پاکستان کی شرحِ نمو 4 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، اگلے سال پاکستان کی معیشت کی بحالی کا عمل جاری رہے گا۔
اے ڈی بی کے اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ رواں سال پاکستان کی حکمتِ عملی اور مالی پالیسوں سے تمام شعبوں میں بہتری آئی ہے، صنعت، تعمیرات، چھوٹی صنعتوں اور سروسز کے شعبوں میں ترقی کا رجحان ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے سال پاکستان کی معیشت میں بہتری کا عمل جاری رہے گا، زرعی شعبے میں بہتری بھی پاکستان کی معاشی ترقی کی وجہ ہے۔اے ڈی بی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 8 اعشاریہ 9 فیصد ہو گئی، گندم اور گنے کی قیمت میں اضافے سے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں زیادہ رہیں۔
اعلامیئے میں اے ڈی بی کا یہ بھی کہنا ہے کہ طویل مون سون کا موسم بھی کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بنا، پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے توانائی کی قیمتیں بڑھیں۔