|

وقتِ اشاعت :   September 24 – 2021

کوئٹہ : پاک چین اقتصادی راہداری انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اسکے دوسرے مرحلے میں اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیےان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں پاکستانی اور چینی کاروباری اداروں کی شراکت قائم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے اور سی پیک کی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔

اس ضمن میں انھوں نے زراعت، ٹیکسٹائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں چینی اور پاکستانی اداروں کی شراکت داری دونوں ممالک کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی اس لیے ان شعبوں کے مواقع پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے اور یہی وجہ ہے کہ دشمن نہیں چاہتا کہ سی پیک منصوبہ کامیاب ہولیکن پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز نے ہمیشہ وطن کی حفاظت اور مفادات کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے دے کر دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائے ہیں اورانہی ادارو ں کی بھرپور کاوشوں کی بدولت بہت جلد سی پیک منصوبہ پایہ تکمیل ہوجائے گا اور بلوچستان کے لئے ترقی کے نئے باب کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اپنے محل وقوع کی بناء پر خطے میں نہایت اہمیت کا حامل ہے یہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور صوبہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے سی پیک منصوبے میں بلوچستان کا اہم کردار ہے۔

سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل سے پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی پیک منصوبہ جلد اپنے اہداف پورے کر لے گا۔