|

وقتِ اشاعت :   September 28 – 2021

 کراچی: حکومت کی جانب سے تمام تر اقدامات کے باوجود روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔حکومتی پالیسیوں کے باوجود کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مسلسلس کمی دیکھی جارہی ہے، منگل کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستان روپے کی قدر ملکی تاریخ کی نئی کم ترین سطح پر جاپہنچی ہے۔

منگل کے روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 30پیسے اضافہ دیکھا گیااور ایک امریکی ڈالر 169 روپے 95 پیسے کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا، دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی ایک وقت میں قیمت خرید 171 روپے 50 پیسے جب کہ قیمت فروخت 172 روپے 20 پیسے بھی دیکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسٹیٹ بینک درآمد شدہ گاڑیوں کے لیے بینکوں کی جانب سے فراہم کیے جانے والے قرضوں پر پابندی عائد کر چکا ہے۔ گاڑیوں پر قرضے کی زیادہ سے زیادہ مدت کو سات سال سے پانچ سال کر دیا گیا ہے اور گاڑی کے لیے دیے جانے والے قرضے کے لیے ڈاؤن پیمنٹ 15 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دی گئی ہے۔