کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اربوں روپے کے متعدد ترقیاتی اسکیمات کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے 7 بلین روپے مالیت کی 135 سڑکوں کی اسکیمات پر عملدرآمد کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلی نے لائیوسٹاک کے شعبے کی 114 اسکیمات جن کی مالیت 1.7 بلین روپے ہے پر عملدرآمد کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی ہے جس میں حکومت کے مختلف بریڈنگ فارمز اور ڈیری فارمز کو جدید خطوط پر استوار کرنا بھی شامل ہے۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ نے 5 اضلاع میں کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کی تعمیر اور اس منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی۔
جبکہ محکمہ اطلاعات کی پہلی سمارٹ بلڈنگ جس کی کل لاگت 10کروڑ روپے ہے پر عملدرآمد کے لئے فنڈز کی منظوری بھی وزیراعلی نے دے دی۔اس کے علاوہ ایک ارب روپے کی لاگت سے ڈیزاسٹر ویلیجز کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی۔وزیر اعلی نے ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری اور نگرانی کے لیے 6 چیک پوسٹس کے قیام کے لیے فنڈز کی اصولی منظوری دے دی اور صوبے کی پہلی قرآن اکیڈمی جس کی لاگت 10کروڑ روپے ہے پر عملدرآمد کے لئے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ کے 10 کالجز میں ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی، اس سے قبل وہ اضلاع جہاں کالجوں کی سہولت مہیا نہیں تھی وہاں نئے ڈگری کالجز کے قیام کے لیے فنڈز کی منظوری پہلے ہی دے دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ کھیل کی 1 ارب روپے کی مالیت کی 114 اسکیمات پر عملدرآمد کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی جن میں اسپورٹس کمپلیکس قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ میں گوکارٹ ٹریک کے منصوبے بھی شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے غربت کے خاتمے کے پروگرام کے لیے 1 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو چنگ چی رکشہ فراہم کئے جائیں گے۔