سمندری طوفان شاہین عمان کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے۔ ملک میں کئی ہوائی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔عرب موسمیاتی سروس کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان شاہین کے عُمان پر براہ راست اثرات مرتب ہوں گے۔
عُمان کی شہری ہوابازی کی ایجنسی نے کہا ہے کہ قومی قدرتی آفات پیشگی انتباہی مرکز کی تازہ سیٹلائٹ تصاویر اور موسمی چارٹس کے تجزیے سے پتا چلا ہے کہ سمندری طوفان ’’شاہین‘‘ شدت اختیار کرچکا ہے اور اب وہ سمندری طوفان کی کیٹگری ایک میں شامل ہے۔
عمان میں حکام نے سمندری طوفان شاہین کی وجہ سے خراب موسمی حالات کے پیش نظر اتوار اور پیر (3 اور 4 اکتوبر) کو ملک بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
عمان کی خبررساں ایجنسی نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’3 اور 4 اکتوبر 2021 کو سلطنت میں نامساعد آب وہوا کے حالات کے پیش نظر ظفاراورالوسطیٰ کی گورنریوں کے سوا ریاستی انتظامی محکموں، دیگر قانونی اداروں اور نجی شعبے کے اداروں کے ملازمین کے لیے سرکاری تعطیل ہوگی۔‘‘
موسمیاتی اداروں کا کہنا ہے کہ یہ طوفان عمان پراثرانداز ہونے کے بعد خلیج عرب کی طرف بڑھے گا اوراس سے قطر بھی متاثر ہوسکتا ہے۔
’’شاہین‘‘مسقط سے شمال میں واقع البطینہ گورنری تک ساحلی علاقوں پر براہ راست اثرانداز ہوگا۔ اس کے نتیجے میں تیز ہوائیں چلیں گی اور200 سے 600 ملی میٹرتک موسلا دھار بارش ہوگی جس کے نتیجے میں شمالی البطینہ، جنوبی البطینہ، مسقط، الظہیرہ، البریمی اورالداخلیہ کی گورنریوں میں شدید سیلاب کا خطرہ ہے۔
سمندری طوفان سے گوادر کے ساحل سے بھی اونچی لہریں ٹکرا رہی ہیں اور سمندر میں طغیانی بھی ہے۔ حکام نے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔