|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنڈورا لیکس سے نیا پنڈورا کھلا ہے،اس پر آج شام قانونی ٹیم کا اجلاس ہے۔

فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنڈورا لیکس میں حکومتی شخصیات کا معاملہ بھی قانونی کمیٹی کے اجلاس میں زیرغور آئے گا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے پہلے منٹ میں کہہ دیا تھا کہ پنڈورا لیکس کی تحقیقات ہوں گی۔

واضح رہے کہ پنڈورا پیپرز میں 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام سامنے آئے ہیں جن میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وفاقی وزیر مونس الٰہی، پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل واوڈا، پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان اور مسلم لیگ نون کے اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن، وفاقی وزیر خسرو بختیار کے اہل خانہ، وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی وقار مسعود کے بیٹے اور بدنامِ زمانہ ایگزیکٹ کے مالک شعیب شیخ کے نام شامل ہیں۔

پنڈورا پیپرز کی فہرست میں کچھ ریٹائرڈ فوجی افسران، کچھ بینکاروں، کچھ کاروباری شخصیات اور کچھ میڈیا مالکان کے نام بھی شامل ہیں۔