تائیوان کی صورتحال پر امریکی صدر جوبائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ میں تبادلہ خیال ہوا ہے۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا صدر شی جن پنگ نے تائیوان سے متعلق معاہدے کی پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تائیوان نے چینی طیاروں کی در اندازی پر فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے حملے کا خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔
چند روز قبل 38 چینی فوجی طیاروں نے تائیوان کی دفاعی زون میں پروازیں کی تھیں، جو بیجنگ کی طرف سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ تھا۔
تائیوان کیوزارت دفاع کے مطابق ان طیاروں میں ایٹمی صلاحیت رکھنے والے بمبار طیارے بھی شامل تھے، جو دو مرحلوں میں تائیوان کی فضائی دفاعی شناختی زون میں داخل ہوئے۔
جبکہ تائیوان کی جانب سے اپنے جیٹ طیاروں اور میزائل سسٹم کے ساتھ اپنا دفاع کیا گیا۔
فضائی دفاعی شناختی زون کسی بھی ملک کے علاقے اور فضائی حدود سے باہر کا علاقہ ہوتا ہے لیکن یہاں آنے والے غیر ملکی طیاروں کو شناخت، نگرانی اور قومی سلامتی کے مفاد میں کنٹرول کیا جاتا ہے۔
چین اور تائیوان 1940 کی دہائی میں خانہ جنگی کے دوران تقسیم ہوئے لیکن بیجنگ کا اصرار ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو اس جزیرے کو کسی وقت طاقت کے ذریعے دوبارہ حاصل کیا جائے گا۔