|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2021

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بعد ان کی مرحومہ اہلیہ کلثوم نواز کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹری کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع محکمہ صحت پنجاب کے مطابق مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو ویکسین لگانے کی جعلی انٹری میلسی میں کی گئی۔

ذرائع  نے بتایا کہ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو سائنو ویک کی پہلی ڈوز 5 اکتوبر کو لگائی گئی جبکہ دوسری ڈوز کیلئے 6 نومبر کو بلایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کو تین سال ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹری سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈارکو سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو کی جعلی انٹری کی گئی اور یہ انٹری ملتان کے ہیلتھ یونٹ میں کی گئی۔

محکمہ صحت پنجاب نے ایف آئی اے کو کارروائی کیلئے خط لکھ دیا ہے جس میں جعلی اندراج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے بعد نارووال اور خیر پور ٹامیوالی میں بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام پر کورونا ویکسین کا جعلی اندراج کیا گیا تھا۔