|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2021

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں رات گئے آنے والے زلزلے کے باعث بجلی کی بندش کی وجہ سے طبی عملے کو مشکلات کا سامنا ہے۔بجلی کی بندش کے باعث طبی عملے کی جانب سے موبائل فونز کی روشنی میں زلزلے کے زخمیوں کا علاج کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی سہیل انور ہاشمی کا کہنا ہے کہ کیسکو سے بجلی کی فراہمی کے لیے رابطے میں ہیں۔

زلزلے کے باعث ضلع ہرنائی میں آج تعلیمی ادارے بند ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو متاثرہ گھروں میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیرِ داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ الرٹ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ ہلالِ احمر بلوچستان کی ٹیم بھی زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے موجود ہے۔

ہرنائی میں پاک فوج کے ڈاکٹر، طبی عملہ اور دیگر جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے زلزلے کے شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہرنائی سے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیئے گئے، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے سے ہرنائی میں 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔