|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2021

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہائیکورٹس سے سینیارٹی کی بنیاد پر سپریم کورٹ میں ججز تعینات کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے معین الظفر خان ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جو ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ میں ہائیکورٹس سے چیف جسٹس اور ججز کی سینیارٹی کی بنیاد پر تعیناتیاں کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو کہا جائے کہ وہ ججز تعیناتی کے سوال سے متعلق بھی وضاحت کریں۔ 

درخواست میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکرٹری ٹو صدر پاکستان اور رجسٹرار جوڈیشل کمیشن کو فریق بنایا گیا تھا۔

اس موقع پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیےکہ وکلا کی باڈیز موجود ہیں آپ ان کے پاس جائیں یہ فورم نہیں ہے۔

بعدازاں عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔