|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2021

کوئٹہ: گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے تین ناراض وزراء کے استعفے منظور کر لئے۔

جمعہ کو گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے این این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے صوبائی وزراء میر اسد اللہ بلوچ، میر ظہور بلیدی اور سردار عبدالرحمن کھیتران کے استعفے منظور کر لئے ہیں انہوں نے بتایا کہ مشیر اور پارلیمانی سیکرٹریز کے استعفے منظور کرنا انکے دائر کار میں نہیں آتا جس کی وجہ سے ان پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر میر اسداللہ بلوچ، بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء میر ظہوربلیدی، سردار عبدالرحمن کھیتران نے 6اکتو بر گورنر بلوچستان سے ملاقات کرکے استعفے دئیے تھے جبکہ انکے ہمراہ وزیراعلیٰ کے مشیران محمد خان لہڑی، میر اکبر آسکانی، پارلیمانی سیکرٹریز میر سکندر عمرانی، بشریٰ رند، ماہ جبین شیران، عبدالرشید بلوچ بھی موجودتھے اور اپنے استعفے گورنر کو پیش کئے تھے۔