|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2021

کابل: افغانستان میں نماز جمعہ کے دوران ایک زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے قندھار کی ایک مسجد میں اس وقت زور دار دھماکا ہوا ہے جب وہاں نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی۔ دھماکا اتنا خوفناک تھا کہ آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ترجمان طالبان نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ قندھار شہر کے امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا ہے جس میں ہمارے درجنوں ہم وطنوں کے جان بحق ہونے کا خدشہ ہے۔ طالبان اہلکار دھماکے کی نوعیت اور نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے جب کہ ابھی زخمیوں کو لانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو بھی قندوز میں ایک امام بارگاہ پر خود کش حملے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔