|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا میں آپ کو پیپلز پارٹی کے جیالوں جیسے سیاسی کارکن کی مثال نہیں ملے گی اور 18 اکتوبر کو دنیا کو پتہ چلا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے بم دھماکے سے بھی نہیں ڈرتے۔

بلاول نے کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کیا دنیا کی تاریخ میں کوئی بے نظیر بھٹو کی مثال ملتی ہے، کیا دنیا کی تاریخ میں کوئی اتنی بہادر بیٹی پیدا ہوئی ہے جس کو کہا جائے کہ ایک آمر آپ کو قتل کرنا چاہ رہا ہے، دہشت گرد آپ کو قتل کرنا چاہ رہے ہیں، آپ آمر مشرف اور دہشت گردوں کے خلاف لڑنے، الیکشن میں حصہ لینے اور آمریت سے نجات دلانے کے لیے پاکستان نہ آئیں اور باہر سے بھی الیکشن مہم چلا سکتی ہیں اور دبئی میں بیٹھ کر وزیراعظم بن سکتی ہیں لیکن بے نظیر بھٹو نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے عوام اور وطن کے لیے واپس آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بے نطیر بھٹو نہ دہشت گردوں اور پرویز مشرف سے ڈری اور نہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک بھی جیالا ڈرا، دنیا میں آپ کو پیپلز پارٹی کے جیالوں جیسے سیاسی کارکن کی مثال نہیں ملے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ 18 اکتوبر کو دنیا کو پتہ چلا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے بم دھماکے سے بھی نہیں ڈرتے بلکہ جب دھماکے ہوتے ہیں تو ہمارے کارکن اپنی قیادت کی طرف بھاگتے ہیں اور دھماکے سے نہیں بھاگتے۔

بلاول نے کہا کہ قائد عوام اور بے نظیر بھٹو نے ہمیں معیشت چلانے کے لیے غریب دوست پالیسیاں سکھائی تھیں، شہید بے نظیر بھٹو اس ملک کے نوجوانوں کو روزگار دلانے کی امید دلا رہی تھیں اور ملک کے سفید پوش طبقے کو یہ امید دلا رہی تھیں کہ انہیں ان کی محنت کا صلہ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا بنیادی فلسفہ ہے کہ ہم اس ملک کے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دلوانا چاہتے ہیں اور قائد عوام اور بے نظیر بھٹو نے یہ وعدہ پورا کیا۔