|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2021

ایلون مسک نے ایک بار پھر جیف بیزوس سے دنیا کا امیر ترین شخص ہونے کا خطاب چھین لیا۔ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی دولت کی مجموعی مالیت 230 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد وہ ایمازون کے مالک جیف بیزوس کو ایک بار پھر ہرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

ایلون مسک گزشتہ سال کے وسط میں ہی فوربزکی ٹاپ دس ارب پتیوں کی فہرست میں شامل ہوئے تھے لیکن اب وہ اس پر راج کر رہے ہیں۔

ڈیلی میل کے مطابق اسپیس ایکس نے 8 اکتوبر کو 100 بلین ڈالر کے شئیرز فروخت کیے جس سے کمپنی کی دولت میں ایک دم اضافہ ہوا، شیئرز کی قیمت میں 33 فیصد اضافہ نے کمپنی کے حصص کو 100 اعشاریہ 3 بلین تک پہنچا دیا جو فروری میں 74 بلین ڈالرز پر تھی۔

اس وقت بل گیٹس اور وارن بفٹ دونوں کی دولت ملا کر بھی ایلون مسک کی دولت سے زائد نہیں ہے۔ اسپیس ایکس کے بانی نے اپنی خوشی کو بھی الگ انداز میں منایا۔

انہوں نے اپنے حریف جیف بیزوس کی ٹوئیٹ کے نیچے دوسری پوزیشن کا میڈل شئیر کر کے انہیں مقابلے میں اپنی جیت سے آگاہ کیا۔

لیکن اس بار جیف بیزوس اپنے کام سے زیادہ اپنی نجی زندگی میں مصروف ہیں، جہاں ایلون مسک ان کا تخت چھین رہے تھے وہیں ایمازون کے مالک اپنی دوست کے ہاتھ میں ہاتھ ڈالے نیویارک میں سیر کر رہے تھے۔

ایمازون اور بلیو اوریجن کے بانی جیف بیزوس اس وقت 197 بلین ڈالرز کی مالیت کے ساتھ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔

یاد رہے اس سے پہلے بھی ایلون مسک نے جیف بیزوس سے دنیا کا امیر ترین شخص ہونے کا خطاب چھینا تھا لیکن صرف دو دن بعد ہی جیف بیزوس نے ان سے اپنا خطاب واپس لے لیا تھا۔