|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2021

 شہبا زشریف اور حمزہ شہباز  نے مہنگائی اور  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت  کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے عدالت میں  پیشی کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت ناکام ہوچکی۔ یہ حکومت جتنی دیر اقتدا میں رہے گی اکانومی اور تباہ ہوگی۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے عوام سے سڑکوں پر نکلنے  کی اپیل کردی۔ عدالت میں پیشی پر حمزہ شہباز نے کہاہم عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے ۔ہم حکومت کا محاسبہ کریں گے اور منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

ان کا کہنا تھا  کہ مہنگائی اور مسائل کی وجہ سے یہ حکومت وینٹی لیٹر پر ہے۔ حکومت نے مہنگائی سے سفید پوش طبقے کو مار دیا ۔حکومت آئی ایم ایف کی ہدایت پر نئے ٹیکس لگا رہی ہے۔

دونوں رہنماوں نے حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات  کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام پر بے جا بوجھ قرار دیا  ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا تھا جس کے بعد سے اپوزیشن  کی  جانب سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا یا جا رہاہے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت لاہور میں پیش ہوئے تھے۔ احتساب عدالت لاہور نے آشیانہ،منی لانڈرنگ اوررمضان شوگرملزریفرنس کی سماعت 5نومبر تک ملتوی کردی ہے۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے احتساب عدالت لاہور حاضری مکمل کروائی۔