اسلام آباد: امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈونلڈ آرمن بلوم کو پاکستان کے لیے سفیر نامزد کردیا ہے۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تیونس میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم کو پاکستان کے لیے سفیر نامزد کیا گیا ہے۔ امریکی قانون کے مطابق ڈونلڈ بلوم کی ابھی صرف نامزدگی عمل میں آئی ہے، ان کی حتمی تعیناتی کے لیے امریکی سینیٹ سے توثیق کا مرحلہ باقی ہے۔
بیان کے مطابق ڈونلڈ بلوم خطے میں سفارت کاری کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ امریکی وزٍارت خارجہ میں عرب ممالک کے حوالے سے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ کابل کے سفارت خانے میں قونصلر برائے سیاسی امور اور لیبیا میں بھی امریکہ کے ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ موبوضہ بیت المقدس میں امریکی قونصلر جنرل رہنے کے ساتھ ساتھ بغداد میں ملٹی نیشل فورس سیل کے سیاسی قونصلر رہے ہیں۔ اس وقت وہ تیونس میں امریکا کے سفیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ طویل عرصے سے پاکستان میں امریکا کا سفیر موجود نہیں تھا اور امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر ہی پاکستان میں امریکا کی نمائندگی کرتی ہیں۔