|

وقتِ اشاعت :   October 28 – 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ہر جگہ میرٹ پر تقرر کی کوشش کی ہے جس کی وجہ سے ادارے بہتر ہونا شروع ہوئے ہیں۔

پاکستان ٹیلی ویژن سی بی اے کے نو منتخب نمائندوں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ ہم چیزیں باہر سے منگوا رہے ہیں اور جب چیزیں زیادہ مہنگی ہوں گی تو ظاہر ہے کہ ہمیں اس کی قیمت زیادہ دینی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے پاس پیسے ہوں اور ہم لوگوں کو سبسڈی دے سکیں تو ہم لوگوں کو بچا سکتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 1947 سے 2006 تک پاکستان نے کُل قرضہ 6ہزار ارب روپے کا لیا تھا، اس میں ہم نے موٹر وے بنا لیں، گوادر کا شہر خرید لیا، اسلام آباد کا شہر بنا لیا، پاکستان کی فوج، فضائیہ اور بحریہ کھڑی کر لی، ہم نے تمام ادارے ان ہی 6ہزار ارب روپے میں بنا لیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ 2008 میں جب صدر آصف علی زرداری صدر بنے اور 2018 میں جب مسلم لیگ(ن) کی حکومت گئی تو ان 10سالوں میں ہم نے 23ہزار ارب روپے کا قرض لیا، اس کی وجہ سے پچھلے سال ہم نے 10ارب ڈالر واپس کیے، اس سال ہمیں 12ارب ڈالر واپس کرنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکوں میں اگر اخراجات زیادہ ہوں اور آمدن کم ہو تو ملک غریب ہوگا اور اگر اخراجات کم ہوں اور اخراجات زیادہ ہوں تو آپ خوشحال ہوں گے لیکن جب 10ارب ڈالر پچھلے سال دے دیے، 12ارب ڈالر اس سال دے رہے ہیں تو عوام کو ریلیف کیسے دیں گے، یہ وہ چیلنج ہے جس کا حکومت اس وقت سامنا کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں میں جس طرح سے اداروں کا بیڑا غرق کیا گیا، پی ٹی وی، اسٹیل مل، ریڈو سمیت تمام ادارے تنزلی کا شکار ہوئے، ہم نے آ کر 88 کے قریب چیف ایگزیکٹو آفیسر لگائے ہیں اور ایک بھی تقرر میرٹ سے ہٹ کر نہیں کیا، ہر جگہ میرٹ پر تقرر کی کوشش کی ہے جس کی وجہ سے ادارے بہتر ہونا شروع ہوئے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جب ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے تو ملک اور اس کے عوام خوشحال ہوں گے، یہ نہیں ہو سکتا کہ ادارے تنزلی کا شکار ہوں اور اس کے لوگ خوشحال ہوں لہٰذا پی ٹی ترقی کرے گا تو ہی پی ٹی وی کے لوگ خوشحال ہوں گے اور پی ٹی وی کے لوگوں کی وجہ سے ہی ادارہ اوپر جا سکتا ہے۔