|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2021

کراچی: شہر قائد میں بورڈ آفس کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔

 دھماکہ بورڈ آفس کے ساتھ واقع پیٹرول پمپ کے قریب سنا گیا۔ ابتدائی معلومات کے تحت دھماکے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز، پولیس، فائر بریگیڈ اور امدادی اداروں کے رضاکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے۔

دھماکے کی اطلاع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے وقوع پر پہنچ گیا ہے۔ جائے وقوع سے امدادی اداروں کے رضاکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جب کہ ثبوت و شواہد بھی اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔

 ڈی آئی جی ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کرائم سین کی ٹیمیں جائے وقوع پر موجود ہیں اور اپنا کام کررہی ہیں۔