طالبان کے سپریم رہنما ملا ہیبت اللہ نے پہلی بارعوامی اجتماع میں شرکت کی ہے۔افغان طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نےقندھار شہر میں اپنے حامیوں سے خطاب کیا وہ سال 2016 میں تنظیم کی باگ دوڑ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ عوام میں نظر آئے ہیں۔
طالبان عہدیداران کے مطابق انہوں نے دارالحکیمہ مدرسے کا دورہ کیا اور اپنے سپاہیوں اور شاگردوں سے خطاب کیا۔
اس تقریب کے لیے سیکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی تھی اور اس سلسلے میں کوئی تصویر یا ویڈیو بھی منظرِ عام پر نہیں آئی تاہم طالبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر 10 منٹ کی آڈیو ریکارڈنگ شیئر کی گئی۔
اس تقریر میں سیاسی تنظیم کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی لیکن انہوں نے طالبان قیادت کے لیے دعا کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ملا ہیبت اللہ اگست میں افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے باوجود اب تک وہ عوام کےسامنے نہیں آئے تھے
ان کے منظر عام پر نہ آنے کے باعث طالبان حکومت میں ان کے کردار کے حوالے سے کئی قیاس آرائیوں نے جنم لیاتھا