|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2021

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے گہرے روابط کو سود مند تذویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔پاکستان کے وزیراعظم عمران نے سعودی جریدے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید وسعت، تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ ثابت قدم رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ سعودی پاکستان انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد خوش آئند رہا۔ فورم سے دو طرفہ تجارت ، کاروباری سرگرمیاں اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع ملا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی اور کارپوریٹ سیکٹر کو قریب لانے کیلئے انویسٹمنٹ فورم مواقع فراہم کرے گا۔ وژن2030 کے تحت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے پر سعودی قیادت کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دیرپا ترقی کے اہداف کیلئے پاکستان کی ترجیحات جیو پولیٹکس سے جیو اکنامکس کی جانب گامزن ہیں۔ نیاپاکستان اور سعودی وژن2030سماجی و اقتصادی اصولوں پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان اور سعودی وژن کا مقصد ترقی کا حصول اور تجارتی روابط کا فروغ ہے۔ سعودی عرب کے وژن 2030 کیلئے پاکستانی افرادی قوت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔