|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2021

میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی کو وسطی شہر پیوبلا سے ملانے والی ہائی وے پر ہفتے کے روز ایک حادثے میں کم از کم 19 افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حادثہ دوپہر کے وقت پیش آیا جب ہائی وے پر ایک ٹول بوتھ پر ایک کارگو ٹرک کئی گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔

ٹرک کے ٹکرانے کے بعد چند گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ میکسیکو کا وفاقی ادارہ برائے روڈز اینڈ برجز کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شیمپو لے کر جانے والے ٹرک کے بریک ٹول بوتھ اور پھر گاڑیوں سے ٹکرانے سے قبل فیل ہو گیا تھا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔

ادھر سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں حادثے میں ملوث چند گاڑیوں کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب کہ ٹول بوتھ کے قریب موجود دیگر گاڑیاں مکمل طور پر تباہ دکھائی دیں۔

میکسیکو کی وفاقی ہائی وے اتھارٹی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹول بوتھ کو عبور کرتے وقت ٹرک 6 گاڑیوں سے ٹکرایا جس کی وجہ سے 19 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے جبکہ مرنے والوں میں ٹرک ڈرائیور بھی شامل ہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ حادثے میں ملوث گاڑیوں کو ہٹانے کے لیے کام کررہے ہیں اور ہائی وے کے اس حصے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ110 کلومیٹر طویل اس ہائی وے کو بڑی تعداد میں کارگو ٹرک استعمال کرتے ہیں۔