|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان وصوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہاہے کہ صوبائی حکومت کے معاملات افہام وتفہیم سے حل کرلئے جائینگے ،بلوچستان عوامی پارٹی عوام کے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے موجودہ نئی کابینہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے معاملات کی بہتری کیلئے اقدامات کررہی ہے ، اس سلسلے میں قانون سازی ودیگر حوالے سے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔

،صوبائی حکومت جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے ،بلدیاتی انتخابات سے عوام کوان کی دہلیز پر سہولیات میسر ہونگے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ 7نومبر سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کا کام شروع کردیا ہے اس حوالے سے محکمہ تعلیم کا عملہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کو گھر گھر جاکر تصدیق کے ذریعے سرانجام دینے کیلئے صوبائی کے طول وعرض میں اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے شفاف انتخابی فہرستوں کی تیاری کو یقینی بنارہے ہیں۔

صوبائی حکومت اتحادیوں کی مشاور ت سے حلقہ بندیوں کی تشکیل اور آنے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی اور دیگر امور کی انجام دہی کیلئے مل بیٹھ کر مشترکہ حکمت علمی کے ذریعے معاملات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے موجودہ نئی کابینہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے ۔