|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2021

مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے  کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کے جعلی بلدیاتی نظام سے اتفاق نہیں کررہا، تحریک انصاف کو بلدیاتی الیکشن کے لئے امیدوار نہیں مل رہے، پنجاب میں لوگ پی ٹی آئی کے بجائے آزاد الیکشن لڑنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئےکہنا ہے کہ 2 سال میں پنجاب حکومت اپنے ہی لوکل گورنمنٹ بل میں 37 ترامیم کرچکی ہے، گورنر پنجاب، اسپیکر پنجاب اسمبلی اپنی الگ سے ترامیم شامل کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت 2 سال سے لوکل گورنمنٹ بل کا واویلا کررہی ہے، پنجاب کے 35 وزراء اور 10 ترجمان اپنی اپنی ترامیم لاچکے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سندھ میں بلدیاتی ایکٹ پر ادھم مچارہی ہے لیکن پنجاب کی خبر نہیں ہے، کنٹونمنٹ بورڈ اور ضمنی انتخابات کی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کو مار پڑے گی۔

واضح رہے کہ میاں محمود الرشید اور ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے پریس کانفرنس کی تھی جس میں کہا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی قوانین کے حوالے سے قانون سازی ہورہی ہے، یہ صوبے پنجاب کے لئے ایک تاریخی قانون ثابت ہوگا۔