|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2021

پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے دھیلے کی نہیں اربوں کی کرپشن کی ہے، ان شاءﷲ احتساب کا عمل اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ یہ لوگ بات کا جواب نہیں دیتے بلکہ کردار کشی شروع کردیتے ہیں، یہ لوگ شہزاد اکبر کے سوالات کا جواب دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے ان کیسز کو جلد از جلد چلایا جائے، ہمیں بڑے کیسز کو ماڈل کیسز بنانا ہے، مسلم لیگ نون کی حکومت دعویٰ کرتی رہی شعبہ صحت میں بہت کام کیا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کے باعث امیر غریب کا فرق مٹا دیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون تعلیم کے شعبے میں اعلیٰ کارکردگی کا دعویٰ کرتی رہی لیکن لاہور میں ایسا کوئی تعلیمی ادارہ نہیں جہاں مسلم لیگ نون اپنے بچے پڑھانے کو تیار ہو، لیگی حکومت نے زندگی کے کسی بھی شعبے میں کچھ نہیں کیا، یہ لوگ اپنے ملازمین کے اکاؤنٹس میں پیسے جمع کراتے رہے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ کورونا ویکسین کا معاملہ بہت اچھے انداز میں حل کیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر مکمل طور پر عمل کیا گیا، کورونا ویکسین سے متعلق پنجاب دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے، گھر گھر ویکسین لگانے کی مہم کے مثبت اثرات آرہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 8 کروڑ 10 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے، آج کے دن تک 5 کروڑ افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگ چکی ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ ملک بھر میں ویکسین لگانے سے متعلق پنجاب پہلے نمبر پر ہے، کے پی دوسرے جبکہ سندھ تیسرے اور بلوچستان چوتھے نمبر پر ہے۔