|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2022

وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ساری دنیا میں لوگ کرپشن کے خلاف اکٹھے ہوتے ہیں، ہم نے اپوزیشن کی دکانیں بند کردیں، انہیں دوبارہ چورن بیچنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حماد اظہر نے کہا کہ لوگ ان چوروں کو جان چکے ہیں، ہم نے معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، پاکستان میں 8 ڈیم بنا رہے ہیں، عوام وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان کی کورونا سے نمٹنے کی حکمت عملی کی بل گیٹس نے بھی تعریف کی ہے، عجیب بات ہے کہ ساری کرپٹ اپوزیشن ایک ایماندار آدمی کے خلاف اکٹھی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، سخت فیصلے کر کے ملکی معیشت کو سنبھالا دیا گیا ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چین کیساتھ 32 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا، آج سعودی عرب ہماری تعریف کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں میل جول پنجاب کی روایت ہے۔