|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2022

پتوکی/اسلام آباد/کراچی:  چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی عمران خان نے امیروں کو معاشی ریلیف دیا ہے جبکہ ایک غریب کی زندگی جہنم بنا کے رکھ دی ہے۔ اب جیالے اس کٹھ پتلی سے اس تباہی کا حساب لینے نکلے ہیں۔ پتوکی کے مقام پر ایک بہت بڑے انسانو ں کے سمندر نے بلاول بھٹو زرداری استقبا کیا اور یوں محسوس ہوا کہ سارا شہر عوامی لانگ مارچ کا تاریخی استقبال کرنے کے لئے سڑکوں پر آگیا ہے۔

لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ کٹھ پتلی عوام کو کہتا تھا کہ مہنگائی، بیروزگار اور غربت سے نہ گھبرائیں لیکن اب کٹھ پتلی خود گھبرا رہا ہے اور اس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ اس نے روزگار دینے کی بجائے غریبوں کا روزگار چھین لیا۔ یہ کٹھ پتلی جیالوں سے خوفزدہ ہے جو اسلام آباد آکر اس سے حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیالے اس لئے سڑکوں پر ہیں تاکہ یہ ملک، جمہوریت اور معیشت کو بچا سکیں۔ قائدعوام نے ہمیں منشور دیا اور شہید بینظیر بھٹو نے ہمیں نظریہ دیا۔

ہماری پارٹی کے پانچ بنیادی اصول ہیں جن پر ہم عمل پیرا ہیں اور یہی اصول ملک کی قسمت بدل دیں گے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہا کہ ہم عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم اسلام آباد جاکر اس کٹھپتلی اور سلیکٹڈ کو چیلنج کریں گے۔ عمران کا نہ کوئی ماضی ہے اور نہ ہی کوئی مستقبل لیکن ہم ماضی میں بھی عوام کے ساتھ تھے آج بھی عوام کے ساتھ ہیں اور مستقبل میں بھی عوام کے ساتھ ہوں گے۔ ہم کل صبح لاہور میں داخل ہوں گے اور یہ پیغام لے کر جائیں گے کہ پتوکی کے عوام اس کٹھ پتلی کو مزید اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتے۔ اس کے بعد ہم لاہور سے اسلام آباد پاکستان کے عوام کا یہ پیغام لے کر جائیں گے کہ “گو سلیکٹڈ گو”.۔