|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس منصوبے میں تحقیقات کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پشاور موٹر میٹرو اسٹیشن پہنچنے پر کہنا تھا کہ منصوبے پر اب تک 16 ارب روپے کے قریب خرچ ہو چکے ہیں، یہ منصوبہ کیوں طویل عرصے سےالتوا کا شکار رہا؟ یہ قوم کا پیسا ہے، انکوائری کرنا ضروری ہے۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کا خیال کریں، منصوبےکی جلد تکمیل ضروری ہے، میٹروبسوں میں سامان رکھنےکا انتظام بھی ہونا چاہیے۔

بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور  پر  اسلام آباد میٹرو کےلیے 15 بسیں مہیا کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیرِاعظم 7 بجے اسلام آباد میٹرو بس پر کام کا جائزہ لینے پشاور موڑ میٹرو بس پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبہ نواز شریف کے دور میں 2017 میں شروع ہوا تھا اور 2018 میں مکمل ہونا تھا، پانچ سال کی تاخیر کے باوجود منصوبہ شروع نہ ہوا۔

 

ترجمان ن لیگ نے بتایا کہ اسی نااہلی کے باعث بیرون ملک سازش کے جھوٹ کی رٹ لگا رکھی ہے، وزیراعظم نے سی ڈی اےکو 16 اپریل کو میٹرو بس پشاور روڈ تا ائیرپورٹ چلانے کا حکم دیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بہارہ کہو، روات تا پشاور موڑ میٹرو بس چلانے اور موٹر وے کنکشن کی فزیبیلٹی فوری بنانے کا حکم دیا ہے۔