|

وقتِ اشاعت :   May 28 – 2022

کوئٹہ اور لسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 2034 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، سیکیورٹی سمیت تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جہاں کل اتوار کی صبح 8 بجے پولنگ شروع ہوگی۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق 7 میونسپل کارپوریشن، 838 یونین کونسلز، 5345 دیہی اور 914 شہری وارڈز کیلئے امیدوار مدمقابل ہیں۔

بلوچستان کے بلدیاتی دنگل میں 1584 وارڈز پر بلامقابلہ کامیابیاں ہوچکی ہیں، کل 4456 میں مقابلہ ہوگا، صوبائی بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 23835 امیدوار مدمقابل ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے صوبے بھر میں الیکشن مہم جمعہ کی رات 12 بجے سے ختم ہوچکی ہے، بلوچستان بھر میں 5226 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بلوچستان کے 2034 پولنگ اسٹیشنز حساس، 1974 کم حساس جبکہ 1218 پولنگ اسٹیشن نارمل ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق 12219 پولنگ بوتھ میں 6350 مردوں جبکہ 5880 خواتین کے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں تمام پولنگ اسٹیشن پر ایف سی، لیویز اور پولیس تعینات کی جارہی ہے جبکہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر دُگنی سیکیورٹی لگائی جارہی ہے۔

بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں 35 لاکھ 52 ہزار 398 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، رجسٹرڈ مرد ووٹرز 2006274 جبکہ خواتین کے رجسٹرڈ ووٹ 1546124 ہیں، 5624 پولنگ اسٹیشنز میں 13533پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔

بلدیاتی الیکشن میں جنرل نشستوں پر 132خواتین امیدوار بھی حصہ لے رہی ہیں، بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ خواتین امیدوار ضلع سبّی میں مدمقابل ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن میں استعمال ہونے والا سامان پہنچا دیا گیا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق موسیٰ خیل، پیشن اور دیگر اضلاع میں 102 وارڈز میں بھی عدالتی احکامات کی بنا پر پولنگ نہیں ہورہی۔

واضح رہے کہ کوئٹہ اور لسبیلہ اضلاع میں دوبارہ حلقہ بندیوں کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جارہے، جہاں انتخابات دوسرے مرحلے میں ہوں گے۔