|

وقتِ اشاعت :   June 8 – 2022

جنیوا: اقوام متحدہ نے بھارت میں بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تمام مذاہب کے لیے احترام اور رواداری رکھنا بہت ضروری ہے۔ 

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے پریس بریفنگ میں بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخانہ بیانات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اقوام متحدہ مذہبی رواداری اور احترام کو اہمیت دیتا ہے۔

جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے مزید کہا کہ میں نے گستاخانہ بیانات خود تو نہیں سنے البتہ اس کے بارے میں پڑھا ضرور ہے۔ کسی کی دلی آزاری اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا درست نہیں۔

انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ بطور ادارہ تمام مذاہب کے احترام اور رواداری کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور چند مقامی لیڈرز کی جانب سے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس کے بارے میں گستاخانہ بیانات دیئے گئے تھے جس پر تمام عالم اسلام کی جانب سے شدید ردعمل آیا ہے اور مودی سرکار ان رہنماؤں کو معطل اور گرفتار کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔