|

وقتِ اشاعت :   July 31 – 2022

کراچی میں ہاکس بے کے قریب 24 گھنٹوں کے دوران 8 افراد ڈوب گئے جن میں سے 4 کی لاشیں نکال لی گئی جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔

واقعہ آج صبح تقریباً سات بجے پیش آیا جہاں لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے رہائشی ایک ہی محلے کے 6 نوجوان ٹرٹل بیچ پر نہانے کے دوران ڈوب گئے۔

ابتدائی طور پر غوطہ خوروں نے رامین اور سعد کو بچا لیا جبکہ 24 سالہ نہال اور 18 سالہ عبید کی لاشیں کچھ دیر بعد نکال لی گئیں، 17 سالہ فہد اور 25 سالہ شاہ رخ کی تلاش جاری ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز بھی سینڈسپٹ کے ساحل پر پکنک منانے کیلئے آنے والے نوجوان بھی ڈوب گئے تھے جن میں سے 16 سالہ محسن کی لاش گزشتہ روز نکال لی گئی تھی جبکہ 15 سالہ مامون کی لاش آج صبح ایدھی کے غوطہ خوروں نے نکالی۔

اُدھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے تاہم اسکے باوجود بھی شہریوں کی بڑی تعداد سمندر پہنچنا شروع ہو گئی۔

 پولیس نے ہاکس بے کی طرف جانے والے راستوں کو بند کردیا اور خلاف ورزی کرنے متعدد افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی۔