اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بی آر ٹی انکوائری دفن کر دی گئی کیا یہ میرٹ ہے۔
وزیر دفاعی خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کی جماعت اس سے لاتعلقی کا اظہار کر رہی ہے اور پی ٹی آئی کا کوئی رہنما عمران خان کا دفاع کرنے کو تیار نہیں ہے
انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں پاک آرمی میں میرٹ پر کب تعیناتی نہیں ہوئی اور جو بھی 4 یا 5 نام آتے ہیں وہ فوج کی قیادت بھیجتی ہے۔ بی آر ٹی انکوائری دفن کر دی کیا یہ میرٹ ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف کو بیچ کر پیسے پاس رکھنا میرٹ ہے کیا ؟ کیا یہ میرٹ ہے کہ عدم اعتماد کا ذمہ دار امریکہ اور کبھی کسی ادارے کو ٹھہرائیں۔
انہوں نے کہا کہ چیزیں بہت آگے چلی گئی ہیں اور اب سب کچھ سامنے آئے گا۔ فارن فنڈنگ سے بھی معاملات بہت آگے جا چکے ہیں
وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے توشہ خانہ پر درخواست دی اور 180 ملین پر تحقیقات مکمل کر لیں۔ شہباز شریف کے لندن جانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور یہ میرے علم میں بھی نہیں ہے۔ عمران خان پہلے عدالتوں اور اداروں پر بات کرتے ہیں پھر وضاحتیں دیتے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کیا ایجنسیز نے عمران خان کو ٹرانسفر پوسٹنگ میں کرپشن کا نہیں بتایا؟ اور عمران خان جواب دیں کہ کیا عثمان بزدار کو میرٹ پر وزیراعلی بنایا گیا ؟ کیا محمود خان اور مراد سعید کو میرٹ پر عہدے دیئے گئے؟ فرح خان جو ٹرانسفر اور پوسٹنگ کرتی تھی کیا یہ میرٹ تھا؟ کیا فرح خان ٹرانسفر پوسٹنگ کرسکتی تھی؟
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی تحقیقات رکوانے کے لیے عمران خان عدالت کیوں گئے تھے؟ اور کیا عمران خان کو نہیں معلوم تھا کہ سیمنٹ انڈسٹری کے لائسنس نہیں بک رہے تھے۔ میں ان لوگوں کو جانتا ہوں جنہوں نے خان صاحب کو کہا کہ بزدار پیسے لیتا ہے، راولپنڈی رنگ روڈ کا الائنمنٹ کیوں تبدیل کیا گیا؟عمران خان جواب دیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پارٹی فنڈ کو ذاتی استعمال پر عمران خان قوم کو جواب دیں اور عمران خان کو ہیروں والی بات کو ٹالنا نہیں چاہیے۔ عمران خان یہاں آئیں اورتمام سوالات کے جواب دیں اور عمران خان بتائیں کہ ان کی اہلیہ نے کسی سے جیولری لی ہے کہ نہیں؟ عمران خان امریکہ سے حقیقی آزادی چاہتے تھے وہاں لابیز رکھنے کی کیا ضرورت تھی۔