ملک میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے اثرات بری طرح لوگوں کو متاثرکررہے ہیں اس وقت بھی حالات بہتر نہیں ہیں ، بلوچستان اور سندھ میں پریشانیاں مزید بڑھ رہی ہیں ۔سندھ میں بند ٹوٹنے کی وجہ سے سیلابی ریلوں کا پانی دیہات اور شہروں میں داخل ہورہا ہے بڑے پیمانے پر گوٹھ تباہ ہوگئے ہیں جانی نقصانات ہوئے ہیں، مکانات نہیں رہے، مال مویشی سب ختم ہوگئے، عام آدمی سے لیکر زمیندار طبقہ بھی سڑک پر آگیا ہے ۔اس سیلاب نے بہت بڑی تباہی مچائی ہے ملکی تاریخ کا بڑا بحران اس وقت جنم لے چکا ہے کروڑوں لوگوں کے نقصانات ہوچکے ہیں انفراسٹرکچر بھی تباہ ہوچکا ہے۔ ملک بڑے چیلنجز سے دوچار ہے بڑے پیمانے پر رقم درکار ہے دوبارہ معمولات زندگی کو بحال کرنے کے لیے اور اس کیلئے قرض معاف کرنے کی ضرورت کے ساتھ مزید دوست ممالک ، عالمی برادری سمیت عالمی تنظیموں سے مالی امداد درکار ہوگی جس کے لیے کوششیں کرنی ہونگی وگرنہ صورتحال بہت زیادہ خراب ہوجائے گی ۔سیلاب کی تباہ کاری کے اثرات مختلف حوالے سے لوگوں کو متاثر کررہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آلودہ پانی سے بیماریوں کا ممکنہ پھیلاؤ بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ڈیرک چولیٹ نے ملاقات کی۔ امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ڈیرک چولیٹ نے پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیرک چولیٹ کا مشکل وقت میں پاکستان کا دورہ کرنے پر اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ پاکستانی سیلاب سے اب تک متاثر ہوئے ہیں اور سیلاب کے باعث ایک ہزار 300 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے زراعت، مویشی، املاک اور اہم انفراسٹرکچر کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے جبکہ آلودہ پانی سے بیماریوں کا ممکنہ پھیلاؤ بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔ حکومت ریسکیو و ریلیف آپریشن میں پوری طرح مصروف عمل ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی اور انفراسٹرکچر و نجی املاک کی تعمیر نو کے بڑے چیلنجز ہوں گے جبکہ امریکی تعاون، یکجہتی اور سیلاب زدگان کے لیے امداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔
ڈیرک چولیٹ نے کہا کہ امریکہ سیلاب سے پیدا ہونے والے چیلنج کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور امریکہ متاثرہ لوگوں کی زندگیوں کی بحالی اور کمیونٹیز کی تعمیر نو میں بھی مدد کرے گا۔حکومت اپنی تمام تر توجہ اس وقت حالیہ سیلاب کی صورتحال پر مرکوز کرے اور تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کی بحالی سمیت انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے کیونکہ شاہراہوں کی بندش کے باعث بھی بہت زیادہ مسائل پیدا ہورہے ہیں جبکہ بجلی اور گیس کی سپلائی بھی متاثر ہے جس سے متاثرین کے علاوہ بھی شہری متاثر ہیں فصلیں تباہ ہونے کی وجہ سے غذائی اجناس سمیت دیگر اشیاء کے مسائل بھی پیدا ہورہے ہیں یہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کے مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کے حوالے سے ابھی سے ہی میکنزم بنایاجائے تاکہ جلدازجلد مسائل سے چھٹکارا مل سکے گوکہ بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں اور چند ماہ کے دوران یہ کام مکمل نہیں ہونگے مگر کوشش یہی ہونی چاہئے کہ کم ازکم وقت لگے تاکہ مستقبل میں مزید مسائل پیدا نہ ہوں۔