|

وقتِ اشاعت :   September 15 – 2022

آواران : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان اور خاص طور سے آواران کو انسرجنسی نے 30سال پیچھے دھکیل دیا ہے پہاڑوں پر جانے والے بھی ہمارے لوگ ہیں اور دونوں جانب سے ہونے والا نقصان ہمارا نقصان ہے ہم نے اس عرصہ میں اپنے بہت سے پیاروں کو کھویا ہے.

بلوچستان کے عوام امن چاہتے ہیں اور ہمارے بچے اچھی تعلیم کے خواہاں ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے آواران کیڈٹ کالج جل جھاؤکے معائنے کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیاصوبائی وزیر عبدالرشید بلوچ، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی،آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، علاقے کے عمائدین اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر قلات اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے.

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان اور آواران کے بچے بھی تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹر، انجینئر اور فوج سمیت دیگر شعبوں میں جانا چاہتے ہیں اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کریں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے گذشتہ 30سالوں کے دوران ہونے والی انسر جنسی کے منفی اثرات تعلیم سمیت زندگی کے ہر شعبہ پر مرتب ہوئے اور ہم ترقی کے عمل میں 30سال پیچھے چلے گئے انہوں نے کہا کہ پہاڑوں پر جانے والے بھی ہمارے ہی لوگ ہیں اور دونوں جانب سے جو بھی نقصان ہوتا ہے وہ ہمارا ہی نقصان ہے ہم اس عرصہ میں اپنے بہت سے پیارے لوگوں کو کھو چکے ہیں.

وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن اور ترقی لازم و ملزوم ہیں اور امن کے راستے پر چل کر ہی ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں جو کچھ ہم کھو چکے ہیں اس کا ازالہ تو ممکن نہیں لیکن دیرپا امن واستحکام کے ذریعے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ہم سب کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتے ہیں اور ترقی کی منازل کا حصول ہمارا اولین مقصد ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آواران کیڈٹ کالج سے نہ صرف آواران بلکہ قریبی اضلاع کے نوجوانوں کو بھی بہتر تعلیم کے حصول کے مواقع ملیں گے اور یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے ہمارے بچے ملک اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے انہوں نے کیڈٹ کالج کا منصوبہ دینے پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا.

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آواران جیسے دورافتادہ ضلع میں کیڈٹ کالج کا قیام اہم پیشرفت ہے جس پر وہ علاقے کے عوام اور خاص طور سے نوجوانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج کا دن آواران کی تاریخ کا روشن دن ہے آواران کی نوجوان نسل کو کیڈٹ کالج کے قیام کی صورت میں عظیم تحفہ ملا ہے جو ہمارے علاقے کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کی بنیاد ثابت ہوگا.

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آواران میں امن وامان کے قیام کیلئے پاک فوج ایف سی اور لیویز فورس کی خدمات قابل ستائش ہیں ہم امن واستحکام کیلئے جانوں کو نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں آواران کے عوام اپنی سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں قبل ازیں پرنسپل کیڈٹ کالج کرنل عمران نذیر نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کالج کی تعمیر کا 80فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے اور درس تدریس کا عمل جاری ہے.

اس وقت کالج میں ساتویں اور آٹھویں کلاس میں 132طلباء زیر تعلیم ہیں بعدازاں وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر آر ایچ سی تحصیل جل جھاؤ کی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا وزیراعلیٰ کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولتیں ان کی دہلیز پر دستیاب ہوسکیں.

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولتوں کی دستیابی کیلئے بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے وزیراعلیٰ نے جھاؤ کیمپ تا شندی روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا جہاں انہیں منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی وزیراعلیٰ نے منصوبے کی معیاری اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔