کراچی پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی وارداتوں میں ملوث 6 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا، ملزمان جج ، صحافی اور ہیومن رائٹس کے نمائندے بن شہریوں کو اغوا کرتے اور پھر ان کے گھر والوں سے پیسے منگواتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے جعلی کارڈ بنا رکھے تھے،گاڑی پر گرین نمبر پلیٹ بھی لگا رکھی تھی، پولیس کی لائٹیں اور ہوٹر بھی لگارکھے تھے،گاڑی میں موجود گینگ کی رکن خاتون خود کو جج کہتی، ایک میڈيا کا نمائندہ بنتا، ایک انسانی حقوق کمیشن کا ڈائریکٹر بنتا تھا۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان نےکورنگی سے ایک دکاندار کو اغوا کیا تھا اس کے بعد تاوان کے لیے اس کے گھر فون کیا تو گھر والوں نے فون کال ریکارڈ کرلی، جس میں ملزمان دھمکیاں دیتے سنائی دے رہے ہیں، ملزمان نے مغوی کی رہائی کے لیے بیٹے سے5 لاکھ روپے مانگے، ملزمان مغوی کو گاڑی میں بٹھاکر مختلف مقامات پرگھماتے رہے، اہل خانہ نے پولیس سے رابطہ کیا، پولیس کے کانوں میں پہلے سے ایسے گینگ کی بھنک موجود تھی۔
قانون حرکت میں آیا اور ملزمان پکڑے گئے ، پولیس نے ملزمان کے پاس سے جعلی کارڈ بھی برآمد کرلیے۔
پولیس کے مطابق گروہ میں 2 خواتین شامل ہیں، اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔