|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2022

ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلیںڈ نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور بھارتی باؤلرز کو بے کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 156 رنز بنالیے ہیں۔

بھارت کے 169 رنز کے تعاقب میں انگلش اوپنر ایلکس ہیلز کی جارحانہ نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے صرف 28 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں لوکیش راہل صرف پانچ رنز بنانے کے بعد کرس ووکس کی وکٹ بن گئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد روہت شرما کا ساتھ دینے ویرات کوہلی آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاور پلے میں مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 47 رنز کی شراکت کی لیکن 56 کے مجموعے پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں روہت شرما وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 28 گیندوں پر 27رنز بنائے۔

سوریا کمار یادیو نے آنے کے بعد چند بڑے شاٹس کھیلے لیکن عادل رشید کی ایک گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں وہ فل سالٹ کو آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 10 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد ہردک پانڈیا کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے ویرات کوہلی کے ہمراہ 61 رنز جوڑ کر اسکور کو 136تک پہنچا دیا۔

ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور نصف سنچری اسکور کی لیکن 40 گیندوں پر 50 رنز بنانے والے بلے باز کرس جورڈن کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے ہردک پانڈیا نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور سیم کرن کے ایک اوور میں 20 رنز بٹور کر اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

بھارت نے مقررہ اوورز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، ہردک 33 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے کے بعد اننگز کی آخری گیند پر ہٹ وکٹ ہوئے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیتنے کے بعد میچ میں پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ڈیوڈ ملان اور مارک وُڈ کی جگہ فل سالٹ اور کرس جورڈن کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔

بھارت کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ وہ ٹاس جیتنے کی صورت میں پہلے بیٹنگ ہی کا فیصلہ کرتے۔

بھارتی ٹیم نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

بھارت: روہت شرما(کپتان)، لوکیش راہُل، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، ریشابھ پنت، ہردک پانڈیا، اکشر پٹیل، روی چندرن ایشون، بھوونیشور کمار، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ ۔

انگلینڈ: جوز بٹلر(کپتان)، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لیونگسٹن، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید ۔