افغانستان میں طالبان حکومت نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ شام اور ترکیہ میں حالیہ زلزلہ کے متاثرین کے خاندانوں اور عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتی ہے، اس مشکل وقت میں اپنے غم زدہ مسلمان بھائیوں کے غم میں شریک ہے۔
افغان وزارت خارجہ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے ایک کروڑ افغانی (ایک لاکھ ڈالرز سے زائد) اور شام کے متاثرین کیلئے 50 لاکھ افغانی (55 ہزار امریکی ڈالرز)کی امداد کا اعلان کیا۔
افغان وزارت خارجہ کا کہنا تھاکہ ہماری ریسکیو اور ہیلتھ ٹیمیں بھی ضرورت پڑنے پر امدادی کار روائیوں میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔
افغان وزارت خارجہ نے ترکیہ میں مقیم افغان شہریوں کو بھی ہدایت کی کہ زلزلہ زدگان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔
دوسری جانب ترکیہ میں آنے والے بدترین زلزلے میں 100 سے زائد افغان شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں اموات کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ ترکیہ میں 8574 اور شام میں 2530 افراد جاں بحق ہوچکے اور ہزاروں زخمی ہیں۔