|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا ملک اپنے حالیہ بدترین معاشی حالات میں ایک ملک گیر عوامی تحریک کا ہرگز متحمل نہ ہوسکے گا۔

لیبر ڈے پر لبرٹی چوک سے ریلی نکالنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ یومِ مئی کی ہماری ریلی میں اہلِ لاہور کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے جبکہ یہ تو محض ریلی کی ابتداء تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جوں جوں آگے بڑھ رہے ہیں عوام بڑی تعداد میں شرکت کیلئے اُمڈ رہے ہیں۔ یہ ان لوگوں کیلئے واضح پیغام ہے جو دستور اور سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑانے کی خواہش اپنے دلوں میں پالتے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمارے عوام انتخابات سے فرار کے ذریعے مافیا کے ہاتھوں عدالتی احکامات اور آئین کی پامالی کسی طور گوارا نہیں کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک اپنے حالیہ بدترین معاشی حالات میں ایک ملک گیر عوامی تحریک کا ہرگز متحمل نہ ہوسکے گا۔