|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2023

 کوئٹہ: پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی چرس برآمد کرلی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کو خفیہ ادارے سے اطلاع ملی تھی کہ گوادر (بلوچستان) سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے، جسے پیش نظر رکھتے ہوئے ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقوں میں چیکنگ مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے جس پر ایک تفصیلی منصوبہ تشکیل دیا گیا۔

منصوبے کے مطابق 2 افسران سمیت 17 جوانوں پر مشتمل موبائل گشت کے لیے پارٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اس دوران گوادر کے جنرل ایریا کلڈان جھل کے مقام پر جھاڑیوں میں چھپائی گئی 1936 کلو گرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کرلی گئی، جو بیرون ملک اسمگل کرنے کے لیے لائی گئی تھی۔ برآمد کی جانے والی منشیات کی مالیت اربوں روپے (بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریباً 32.3  ملین ڈالر) ہے۔

 

ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے کارروائی میں جوانوں کی انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔