|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2023

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ونگ من گھڑت مہم کے ذریعے ملک کو سوڈان بنانا چاہتا ہے۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حملوں میں ملوث ایک ایک شخص سے حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ وار میں گولی نہیں چلائی جاتی، عمران نیازی کے ذریعے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا، ہائبرڈ وار کا ہدف اداروں کو تقسیم کرنا بھی ہوتاہے۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اجازت دی گئی کہ وہ پنجاب اسمبلی توڑ دیں، 90 دن کے انتخابات کے سوموٹو ایکشن پر بار ایسوسی ایشن نے سوالات اٹھائے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ جب آپ سے رسیدیں مانگی جاتی ہیں تو آپ جناح ہاؤس جلا دیتے ہیں، عمران خان آپ کو جواب دینا چاہیے اور رسیدیں دینی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج پاکستان ایک شدید بحران میں ہے، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ہر ادارے کو تباہ کر دیا، ملک دشمنی پر آپ کی جماعت کو شرم آنی چاہیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کل 11 بجے سپریم کورٹ کے سامنے پُرامن احتجاج کیا جائے گا، چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ سے آنے والی رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی گئی، عمران خان نے پاکستان میں 60 ارب کی چوری کی جو پکڑی گئی، عمران خان ڈھٹائی سے کہتے ہیں اس ٹرانزیکشن کی منظوری کابینہ نے دی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان نے پاکستان میں انتشارکی بنیاد رکھی ہے، پی ٹی آئی کے حمایتی، ہمدرد سوچیں اور بتائیں، عمران خان نے پاکستانی سیاست میں اب تک کونسا تعمیری کام کیا ہے؟