مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہےکہ عمران خان کی گرفتاری پر جو کچھ ہوا اس کی منصوبہ بندی خود عمران خان نےکی تھی۔
نارووال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب آپ سے رسیدیں مانگی جاتی ہیں توآپ جناح ہاؤس جلادیتے ہیں، عمران خان آپ کو جواب دینا چاہیے اور رسیدیں دینی چاہئیں، آج پاکستان ایک شدید بحران میں ہے، عمران خان نے ہرادارے کو تباہ کر دیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کاسوشل میڈیا من گھڑت مہم کے ذریعےملک کو سوڈان بنانا چاہتا ہے، ملک دشمنی پر شرم آنی چاہیے، عمران خان کی گرفتاری کے بعد مراد سعید نےکہا کہ کارکنان نے ٹارگٹ اور ڈیوٹی پر پہنچ کر ٹاسک پورا کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ورکرز نے جناح ہاؤس، ایم ایم عالم کا تاریخی جہاز اور ریڈیو پاکستان جلا ڈالا، دوسروں سے رسیدیں مانگنے والے کے اپنے حساب کا وقت آیا تو رونے لگے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نے بدترین کرپشن کی، ساٹھ ارب کا جواب دینا پڑےگا، پسندیدہ چیف جسٹس کی چھتری کے نیچے چھپ نہیں سکیں گے۔