|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2023

کوئٹہ: کستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ بلوچستان کے صدر وسابق صوبائی وزیر جعفرجارج کی قیادت میں ہفتہ کو کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے پاک فوج کی حمایت میں ایک ریلی نکالی گئی جو انسکمب روڈ،شارع اقبال ، جناح روڈ سے ہوتی ہوئی جناح چیک پوسٹ پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء نے پاک فوج اور پولیس اہلکاروں پر گل پاشی کی اورانہیں پھول پیش کئے۔

اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جعفر جارج نے کہا کہ 9مئی پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ ترین دن کے طورپر یاد رکھا جائے گا اس دن پی ٹی آئی کے غنڈوں نے قومی اورعسکری تنصیبات،شہدا کی یادگاروں، ریڈیو پاکستان پر حملے کرکے انہیں نقصان پہنچایا جس کی کوئی بھی محب وطن پاکستانی حمایت نہیں کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عسکری و قومی تنصیبات پرحملوں میں ملوث پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکن کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انہیں گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہرشہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں کسی کو توڑ پھوڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غنڈوں نے وہ کرد کھایا جو پاکستان کے دشمن 75سال سے نہیں کرپائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورملک و قوم کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی کے انعقاد کا مقصد پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرناتھا۔