|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2023

 

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ لوگ پارٹی چھوڑکر نہیں جارہے بلکہ کنپٹی پر بندوق رکھ کر چھڑوائی جارہی ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں غیر رسمی گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اس طرح کبھی پارٹیاں ختم نہیں ہوتیں، پارٹی اس طرح ختم ہوتی ہے جیسے پی ڈی ایم ختم ہورہی ہے۔ جس طرح پی ڈی ایم کا ووٹ بینک ختم ہو رہا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں صرف کارکنان اور خواتین کے لیےپریشان ہوں، جس طرح کارکنان اور خواتین کےساتھ سلوک کیا جارہا ہےاس پر پریشان ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹویٹر سپیس پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ کہا جا رہا ہے میری جماعت نے کور کمانڈر کا گھر جلایا۔ دو تین چیزیں اور بتائی جا رہی ہیں ہماری پارٹی نے جلائی ہیں۔ اس حملے کی بھی انکوائری نہیں ہوئی۔ جلاؤ گھیراؤ جرم ہے، ریڈیو پاکستان یا کور کمانڈر ہاؤس جنھوں نے بھی جلایا وہ جرم ہے، لیکن پرامن احتجاج جرم نہیں ہے۔

اس سے قبل برطانوی ریڈیو سٹیشن ٹائمز ریڈیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں دوبارہ گرفتار ہو سکتا ہوں، جس کے بعد امکان ہے کہ دوبارہ بڑا احتجاج ہو، میری اپنے پارٹی کے کارکنوں کو ہدایت ہے کسی بھی صورت میں پر تشدد مظاہرے نہیں کرنا، ہر حال میں پر امن احتجاج ہماری منزل ہے۔