|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2023

ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار میں ہندو تاجر سے دن دیہاڑے لاکھوں روپے کی ڈکیتی، تاجر سراپا احتجاج بن گئے، تھانے کے اندر دھرنا دے دیا، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اللہ یار کے عدالت روڈ پر واقع ہندو تاجر وکی کمار کی دکان میں دن دیہاڑے لاکھوں روپے کی ڈکیتی ہوئی۔

نامعلوم مسلح ڈاکو تاجر سے چار لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ڈکیتی کی واردات کے خلاف تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی، درجنوں تاجروں انجمن تاجران کے صدر شمن خان عمرانی کی قیادت میں مارچ کرتے ہوئے تھانے پہنچ کر دھرنا دے دیا ۔

اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے میئر اسفندیار خان جمالی بھی تھانے پہنچے اور تاجر برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا، ایس ایچ او پولیس تھانہ ڈیرہ اللہ یار طالب حسین لاشاری نے تاجر برادری اور میئر میونسپل کارپوریشن میر اسفندیار خان جمالی کو ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور مسروقہ رقم اور موبائل فون برآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی جسکے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا۔