|

وقتِ اشاعت :   May 25 – 2023

کوئٹہ: بلوچستان کے سات اضلاع میں زمینداروں کو گندم کے بیج کی تقسیم میں بے قاعدگیاں سامنے آگئیں، صوبائی حکومت نے خاران،پنجگور سمیت سات اضلاع میں گندم کے بیج کی تقسیم کے معاملے کی تحقیقات وزیر اعلی معائنہ ٹیم کے حوالے کردیں۔

اس بات کا انکشاف بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ہوا رکن صوبائی اسمبلی ثنا اللہ بلوچ نے نقطہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گندم کے2ارب روپے کیبیجوں کی تقسیم کی تحقیقات کرائی جائیں،انہوں نے رمضان المبارک میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے راشن کی تقسیم کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں معاملات پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سپرد کئے جائیں۔

اس کے جواب میں صوبائی وزیر زراعت اسد بلوچ نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے گندم کے بیج ڈپٹی کمشنرزکی نگرانی میں تقسیم کرائے، خاران،، پنجگور سمیت سات اضلاع میں بے قاعدگیوں کی اطلاعات ملی ہیں جن کی تحقیقات وزیر اعلی معائنہ ٹیم سے کرا رہے ہیں۔