|

وقتِ اشاعت :   May 30 – 2023

تربت:  آل پارٹیز کیچ کا اجلاس منگل کو کنوینر غلام یاسین بلوچ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں ضلع کیچ میں امن امان کی صورت حال، بجلی کا بحران، گوادر ایئرپورٹ میں غیر مقامیوں کی پوسٹنگ، کیچ میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ اور آواران میں پرائیویٹ ٹیچر نجمہ بلوچ کی خودکشی کے محرکات پر گفتگو کی گئی۔

اجلاس کے شرکاء نے نجمہ بلوچ کے مبینہ قتل پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اس میں لیویز اہلکار اور ان کے ساتھیوں کی فوری گرفتاری کے لیے پرسوں جمعرات کو تربت پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا، شرکا نے فیصلہ کیا ۔

 بدھ کو صبح 11 بجے ایس ای اور ایکسیئن کیسکو سے ملاقات کی جائے گی اور ان سے ضلع کیچ اور تربت میں بجلی کی بلاوجہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کے مسلے پر بات چیت اور اس کے حل پر لائحہ عمل طے کریں گے۔

انہوں نے تربت میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کی کارکردگی پر خدشات ظاہر کیں اس مسلے پر آل پارٹیز نے آج بدھ کو محکمہ صحت کے ضلعی و ڈویڑنل حکام اور ٹیچنگ ہسپتال تربت کے ایم ایس سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا۔ سیاسی رہنماؤں نے ضلع گوادر میں گوادر ایئرپورٹ کی پوسٹوں پر غیر مقامی افراد کی تعیناتی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف ہر ممکن جدوجہد کریں گے ۔

تاکہ مقامی لوگوں کا استحصال بند کیا جاسکے۔ اجلاس میں جماعت اسلامی، پی پی پی، نیشنل پارٹی، پی این پی عوامی، بی این پی عوامی، بی این پی مینگل، جے یوآئی، کے سی ایس اور تربت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔