|

وقتِ اشاعت :   May 30 – 2023

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توڑ پھوڑ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی جبکہ ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف مارچ کے دوران توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت میں 17 جون تک توسیع کردی گئی۔

سول جج احتشام عالم نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔ سابق وزیراعظم کے وکیل نے سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست دی تھی۔

مقامی عدالت نے عدم حاضری پر اس کیس کے دیگر شریک ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ کیس کی مزید سماعت 17 جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔