محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بائیپر جوائے کراچی کے جنوب سے 600 کلومیٹر کی دوری پر ہے، کراچی پورٹ پر الرٹ جاری کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بائیپر جوائے ٹھٹہ سے 620 اور اورماڑہ سے 690 کلومیٹر دور ہے۔ بائیپرجوائے کے 14 جون تک شمال اور مشرق کی طرف بڑھنے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ طوفان 15 جون کو کیٹی بندر اور بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں کل سے 17 جون کو موسلادھار بارشوں کا بھی امکان ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ماہی گیر 17 جون تک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ کیٹی بندر میں طوفان ٹکرانے کے دوران 8 سے 12 فٹ بلند لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔
سمندری طوفان کے خدشے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کمشنر کراچی کی طرف سے شہر بھر سے سائن بورڈ اور بل بورڈ سمیت دیگر اشتہاری مواد ہٹانے کا حکم دیا گیا تھا۔