وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، سولر آئزیشن اور نوجوانوں کی ترقی پرخصوصی توجہ دے رہی ہے، بجٹ 24۔2023 حکومتی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے، اقتصادی خود انحصاری کا حصول حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ ماہرین بجٹ 24۔2023 کے مختلف پہلوئوں کے حوالے سے اپنی آراء اور تجزیے پیش کر رہے ہیں، ایسے میں میں بجٹ میں حکومت کے شرح نمو بڑھانے کے حوالے سے تجویز کئے گئے خصوصی اقدامات کو اجاگر کرنا چاہوں گا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، شمسی توانائی پر منتقلی،نوجوانوں کی ترقی اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات بہت غوروخوض کے بعد تجویز کئے گئے ہیں اور ان کا مقصد ہونہار نوجوانوں میں جدت طرازی ،کاروبار کی حوصلہ افزائی کرنا ،زراعت کی پیداوار بڑھانا اور زرعی صنعت میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ حکومت توانائی کے حصول کے سستے ذرائع اور شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے کام کر رہی ہے ، سستی توانائی اقتصادی ترقی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ روس سے خام تیل کا حصول بھی انرجی سکیورٹی پلان کا حصہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ داخلی اور عالمی حالات کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باوجود بجٹ 24۔2023 اس صورتحال سے نبرد آزما ہونے اور آگے بڑھنے کا راستہ فراہم کرتا ہے۔ ایسے میں جبکہ معیشت بیرونی صورتحال سے متاثرہ ہے، حکومت اقتصادی خود انحصاری پر توجہ دے رہی ہے ۔