|

وقتِ اشاعت :   July 19 – 2023

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کو ٹیلیفون کیا جس میں انہوں نے ایک ارب ڈالر ڈپازٹ کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں بروقت مدد کی، یو اے ای کی مدد سے آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ طے کرنے میں بڑی مدد ملی، پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت یواے ای کی اس خیرسگالی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید سے کہا کہ آپ نے ذاتی دلچسپی لےکرپاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد کی، اس کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے بامعنی اصلاحات کی ہیں، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی تشکیل کا محور ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ ہے، ادارہ جاتی سطح پر انتظام نے پاکستان کی معیشت کوٹھوس معاشی روڈ میپ دیا ہے۔

وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے یو اے ای کے صدر نے کہا کہ یواے ای اورپاکستان کے قریبی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات استوارہیں، برادرپاکستان کی مدد کرنا ہمارے ملک کی ذمہ داری تھی، وزیراعظم شہباز شریف شاندار قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، مجھے اعتماد ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی لائیں گے۔

شیخ محمد بن زاید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے سرمایہ کاری روڈ میپ کے بارے میں سن کر خوشی ہوئی، پر اعتماد ہوں کہ پاکستان معاشی طور پر قابل ذکر ترقی کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صدر یواے ای کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی۔