|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2023

عطا تارڑ نے کرکٹ ورلڈ کپ سے متعلق کہا ہے کہ اگر دشمن کو مات دینی ہے تو اس کے ہوم گراؤنڈ پر مات دیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت کے معاملے پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بھارت سے بہتر ٹیم ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ ہوتا ہے تو لوگ کہتے ہیں کہ بابر بہتر کھلاڑی ہے، بھارت کے پاس شاہین آفریدی جیسا کوئی فاسٹ بولر نہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھیں، بھارت آئے نہ آئے ان کی اپنی مرضی ہے، پاکستان کو سو فیصد ورلڈکپ کھیلنے بھارت جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں بابر اعظم سنچری بنائے اور شاہین آفریدی ویرات کوہلی کو بھارت میں آؤٹ کرے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سیاست اور کرکٹ جب بھی مِکس ہوئے تو ملک کی تباہی ہوئی ہے، پاکستان کو آئی سی سی کے فورم پر بھارت پر پریشر رکھنا چاہیے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ کھیل کے میدان  کو جنگ کا میدان نہیں بننا  چاہیے، بھارتی ٹیم جب بھی پاکستان آئی تو اسے ماحول اچھا ملا۔

 

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر احسان مزاری کا خیال ہے کہ پاکستان کو بھارت نہیں جانا چاہیے لیکن یہ ان کا اپنا خیال ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے فاسٹ بولرز کا کوئی مقابلہ نہیں رہا، ماضی میں نیوٹرل وینیو پر جب بھی مقابلہ ہوا تو پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ میرا تو خواب ہے کہ پاکستان بھارت کی سرزمین پر ورلڈکپ لفٹ کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے تاحال بات نہیں ہوئی،وزیراعظم کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان اور بھارت کا قریب آنا نظر نہیں آتا۔